اکستانی خلاءباز خلائی سفر کو تیار بیورو رپورٹ
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد نمیرہ ممکنہ طور پر 2009ءمیں خلائی سفر پر روانہ ہوں گیفرانس میں مقیم پاکستان کی پہلی خلاءباز خاتون نمیرہ سلیم نے امریکہ میں خلائی مشن پر روانگی کے لیے درکار تربیت مکمل کر لی ہے۔ توقع ہے کہ وہ سنہ 2009ء میں خلائی سفر پر روانہ ہوں گی۔

پاکستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق نمیرہ سلیم نے، جو شاعرہ اور موسیقار بھی بتائی جاتی ہیں، اپنی تربیت کا آخری مرحلہ ایس ٹی ایس 400 سمیولیٹر کے ذریعہ مکمل کیا۔

انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اپنی تربیت مکمل کرنے کے مرحلہ پر وہ بے حد خوش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سمیولیٹر میں انہوں نے انسانی جسم اور زمین پر انتہائی کم اور انتہائی زیادہ کشش ثقل کے اثرات کا تجربہ کیا۔

اس کے علاوہ انہوں نے زمین کے مدار میں گردش کے دوران پیش آنے والی بے وزنی کی کیفیت کو بھی محسوس کیا۔

پاکستانی نوجوانوں خاص طور پر خواتین کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے زندگی کے ہر شعبہ میں موجود مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔