

فوج کو دوبارہ عروج حاصل ہو گا: خالد
[left]
[/left]گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد مقبول نے تسلیم کیا ہے کہ فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور وہ ملک میں اپنے بارے میں پائے جانے والے تاثر سے آگاہ ہے لیکن ملک میں شفاف انتخابات اور دہشتگردی کے خاتمے کے بعد فوج کو دوبارہ عروج حاصل ہوگا۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ماضی کی طرح آج بھی پاکستانی فوج کی ملک میں وہی عزت اور ساکھ ہے؟ انہوں نے کہا کہ فوج کے ساتھ پاکستان کے عوام کا محبت کا تعلق ہے۔ 'جب ہم شفاف انتخابات کی جانب جائیں گے اور ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ ہوگا تو آپ دیکھیں گے کہ فوج کو دوبارہ عروج حاصل ہوگا۔
اس سوال پر کہ ماضی میں تو شاعر اے وطن کے سجیلے جوانو جیسے نغمے لکھتا تھا جبکہ آج کا شاعر لکھتا ہے کہ چاچا وردی لاندا کیوں نئی۔ ایسا کیوں ہے؟ تو ان کا جواب تھا " میرے خیال میں فوج کو خود بھی اسکا احساس ہے ہم اس چیز سے کوئی جھگڑا نہیں کرنا چاہتے یہ الیکشن کا دور تھا اس میں ایک عدالتی مسئلہ بھی سامنے آگیا لوگ اس سے ناخوش ہوئے میں اس سے انکار نہیں کرتا۔،،
تاہم انہوں نے کہا کہ جب ہم نارمل صورتحال کی طرف چلیں گے اور لوگ دیکھیں گے کہ فوج نے اپنا کردار ادا کیا اور قربانیاں دیں تو میں شرط لگاسکتا ہوں کہ وہ دوبارہ فوج کو اسی عزت کی نگاہ سے دیکھیں گے۔،،
انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ میڈیا کی آزادی موجودہ حکومت کا کارنامہ نہیں بلکہ ایک آئینی حق ہے لیکن ساتھ ہی ذرائع ابلاغ پر تازہ پابندیوں کا دفاع بھی کیا۔